جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے میں بچنے والے کیپٹن ورون سنگھ سے متعلق بھی افسوسناک خبر آگئی

نئی دلی (پی این آئی) بھارتی افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے میں زندہ بچ جانے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق گروپ کیپٹن ورون سنگھ، جو اس ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جو گزشتہ ہفتے ریاست تامل ناڈو میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے اپنے ایک بیان میں کیپٹن ورون سنگھ کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔گروپ کیپٹن ورون سنگھ کو گزشتہ بدھ کو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے ملبے سے نکالا گیا تھا۔ وہ اس حادثے میں زندہ بچنے والے واحد شخص تھے۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا اور دیگر 11 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ جنرل راوت کے ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسز سٹاف کالج کے دورے کے لیے رابطہ افسر کے طور پر ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد انہیں بنگلورو کے کمانڈ ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا تھا۔ ان کا جسم 45 فیصد جھلس چکا تھا اور ان کی تین سرجریز کی جا چکی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close