نئی دلی (پی این آئی) بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی بدھ کو ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد نئے سی ڈی ایس کیلئے دو نام سامنے آگئے۔ جنرل بپن راوت کی ہلاکت کے بعد سی ڈی ایس کا عہدہ اگلے سات سے نو دن میں پر کیا جائے گا۔ اس عہدے کیلئے سب سے فیورٹ اس وقت آرمی چیف کے عہدے پر فائز جنرل منوج مکند نروانے اور سابق ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا ہیں۔
بھارت میں سی ڈی ایس کا عہدہ سنہ 2019 میں تخلیق کیا گیا اور جنرل بپن راوت کو بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کے بعد جنوری 2020 میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ سی ڈی ایس کے طور پر جنرل بپن راوت بھارت کی تینوں مسلح افواج کے سربراہ بن گئے تھے۔ تینوں مسلح افواج کا کوئی بھی کمانڈنگ یا فلیگ آفیسر سی ڈی ایس بن سکتا ہے۔ اس عہدے کیلئے عمر کی حد 65 برس مقرر کی گئی ہے۔قواعد کی رو سے سی ڈی ایس کے عہدے پر تعینات شخص تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سے سینئر ہوتا ہے۔بھارتی آرمی چیف اس وقت فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان سے سینئر ہیں اس لیے امکان ہے کہ انہیں سی ڈی ایس تعینات کیا جاسکتا ہے۔سابق سربراہ ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا 30 ستمبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں ، انہوں نے 42 سال تک بھارتی فضائیہ میں خدمات سرانجام دیں اور دو سال تک ایئر فورس کی سربراہی کے بعد ریٹائر ہوئے۔ وہ بھی سی ڈی ایس کے عہدے کیلئے فیورٹ امیدوار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں