حادثہ یا سازش؟ بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل راوت کا ہیلی کاپٹرکس طرح کریش ہوا؟ اعلیٰ سطح کی انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی

نئی دہلی(پی این آئی)بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں اہلیہ اور فوجی افسران کے ہمراہ ہلاکت پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے ،تحقیقات کی سربراہی ہندوستانی فضائیہ کے کمانڈر ان چیف ائیر مارشل مانوندر سنگھ کریں گے ،تحقیقاتی ٹیم میں بھارت کی تینوں افواج کے اہم افسران شامل ہوں گے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ میں آپ کو آٹھ دسمبر کی سہ پہر فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کی افسوسناک خبر پہنچانے کے لیے آپ کے درمیان کھڑا ہوںجس میں ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کے لیے تینوں افواج کی ایک مشترکہ تحقیقات کا حکم دیا ہے، جس کی سربراہی ایئر مارشل مانوندر سنگھ کریں گے جو فضائیہ کے ٹریننگ کمان کے آفیسر کمانڈنگ ان چیف ہیں۔راج ناتھ سنگھ نے بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر فوجی افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ جنرل بپن راوت کی آخری رسومات پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close