دبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات میں ہفتہ وار تعطیل کا دن تبدیل کر تے ہوئے ورکنگ ٹائم ساڑھے چار روز کردیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق یہ تبدیلی 2022ء کے آغاز سے لاگو ہو گی۔ متحدہ عرب امارات میں قبل ازیں ہفتہ وار چھٹی جمعۃ المبارک اور ہفتہ کے روز ہوتی تھی جو 2022ء سے ہفتہ اور اتوار کو ہوا کرے گی۔چھٹی کے دن کے علاوہ حکومت دفاتر کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور اس کا نفاذ بھی نئے سال سے ہو گا۔
نئے سال کے آغاز سے امارات میں پیر سے جمعرات تک دفاتر صبح ساڑھے سات سے ساڑھے تین بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز دفاتر میں کام دن 12بجے تک ہو گا اور ہفتہ اور اتوار چھٹی ہو گی۔رپورٹ کے مطابق سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے ایسے لوگ جو گھر سے کام کرنے کے اہل ہیں وہ جمعہ المبارک کے دن گھر سے ہی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ دفاتر میں آنے والے افراد کو دوپہر 12بجے چھٹی ہو جایا کرے گی۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک کو باقی دنیا سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ اس اقدام سے ملازمین کی کام کرنے کی صلاحیت اور کارکردگی بہتر ہو گی اور ان کی پیشہ وارانہ زندگی میں توازن آئے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں