جعلی بازو پر کورونا ویکسین لگوانے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا

اٹلی (پی این آئی) ویکسین لگوائے بغیر کورونا وائرس سے بچاؤ سے ویکسین کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے یورپی ملک اٹلی کے ایک شہری نے جعلی بازو پر ویکسین لگانے کی کوشش کی تاہم اس کو گرفتار کر لیا گیا۔ یورپی خبر رساں ادارے کے مطابق 50 سالہ اطالوی شہری ویکسین لگائے بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ حاصل کرنا چاہتا تھا۔

ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ شمال مغربی اٹلی میں یہ شہری جب ویکسین لگانے کے لیے پہنچا تو اس نے اپنے بازو پر سیلیکون لگایا ہوا تھا تاہم وہ نرس کو چکمہ نہ دے سکے اور ان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اٹلی کے اخبار ’لا ریپبلکا‘ کے مطابق نرس فیلیپا بوا نے کہا کہ جب انہوں نے اس شخص کی آستین اوپر کی تو ان کو محسوس ہوا کہ ان کے بازو کی جلد اصلی نہیں ہے۔

گزشتہ روز اٹلی میں کورونا وائرس کے 16 ہزار 800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 72 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جعلی بازو پر ویکسین لگانے کا واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان لوگوں کے لیے قوانین کو سخت کیا گیا جنہوں نے ابھی تک کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں