سعودی عرب میں کورونا پابندیوں میں نرمی لانے کا فیصلہ، حرمین شریفین کی زیارت کرنے والوں کیلئے خوشخبری آگئی

جدہ(پی این آئی) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے سبب عائد کی گئی پابندیوں میں کل سے نرمی لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد مسجد حرام میں پوری گنجائش کے ساتھ نمازیوں کو عبادت کی اجازت دے دی جائے گی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کے اثرات میں کمی کے بعد پابندیوں میں بتدریج نرمی کا عمل کل سے شروع ہو جائے گا۔ کل سے سعودی عرب میں کھلے مقامات پر فیس ماسک پہننے کی پابندی بھی ختم کر دی جائے گی۔

سعودی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق مملکت میں کورونا ویکسی نیشن کی کامیاب مہم اور متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی کے بعد پابندیوں میں نرمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لوگ اگرچہ کل سے کھلی جگہوں پر فیس ماسک پہننے کے پابند نہیں ہوں گے تاہم بند جگہوں پر فیس ماسک کی پابندی برقرار رہے گی۔مسجد حرام میں بھی پوری گنجائش میں عبادت کی اجازت دینے کے ساتھ فیس ماسک کی پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ مسجد حرام میں عبادت کرنے والوں کو ’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ میں سے کسی ایک ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانی ہو گی تاکہ وہ ایک ہی وقت میں موجود ہ تعداد ہوتے ہوئے عمرہ ادا کر سکیں۔مسجد نبوی میں بھی انہی شرائط کے ساتھ مکمل گنجائش میں عبادت کی اجازت دے دی گئی ہے۔جو لوگ ویکسین کی دو خوراکیں لگوا چکے ہیں ان کے لیے پبلک مقامات، مساجد، ریستورانوں، سنیما گھروں اور ٹرانسپورٹ میں سماجی فاصلے اور فیس ماسک وغیرہ جیسی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ تمام شادی ہالز بھی کھول دیئے گئے ہیں اوراب مہمانوں کی تعداد کی بھی کوئی قید نہیں ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close