کراچی(پی این آئی)متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا،جس کے ذریعے152 ممالک میں داخلہ ممکن ہے۔رپورٹ کے مطابق اس پاسپورٹ کیساتھ98 ممالک ویزا فری انٹری ہوسکتی ہے،54 ممالک آمد پر ویزا جاری کردیتے ہیں اورصرف46 ممالک کا ویزا وہاں جانے سے قبل درکار ہوتا ہے۔آرٹن کیپیٹل کی طرف سے جاری کردہ گلوبل پاسپورٹ انڈیکس نے سب سے زیادہ موبلٹی سکور حاصل کرنے کے لیے
اسے عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رکھا۔متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کو پہلی بار دسمبر 2018 میں مضبوط ترین درجہ دیا گیا تھا۔یہ درجہ بندی نقل و حرکت کی آزادی اور پاسپورٹ رکھنے والوں کے ویزا فری سفر پر مبنی ہے۔پاسپورٹ کی طاقت نہ صرف شہری کی شناخت کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ عالمی مواقعوں تک رسائی، نقل و حرکت میں آسانی اور معیار زندگی کو متاثر کرنے والا ایک اہم عنصر بھی ہے۔نیوزی لینڈ کا پاسپورٹ متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرا مضبوط ترین پاسپورٹ ہے، جو 146 ممالک میں داخلے کی پیشکش کرتا ہے۔ جرمنی ، فن لینڈ ، آسٹریا ، لکسمبرگ ، اسپین ، اٹلی ، سوئٹزرلینڈ ، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کے پاسپورٹ ہولڈر 144 ممالک میں داخل ہو سکتے ہیں۔مشرق وسطی میں اسرائیل کا پاسپورٹ متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرا مضبوط ترین پاسپورٹ ہے۔ عالمی سطح پر 17 ویں نمبر پر ہے۔اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 89 ممالک میں ویزا فری داخلہ اور 37 ممالک میں آمد پر ویزا ملتا ہے ، جبکہ 72 ممالک کو ملک میں داخل ہونے سے پہلے ویزا درکار ہوتا ہے۔قطر کا پاسپورٹ خطے میں تیسرا مضبوط ترین ہے۔ عالمی درجہ بندی میں اس کا نمبر47 واں ہے۔ قطری پاسپورٹ رکھنے والوں کو 52 ممالک میں ویزا فری داخلے اور 39 ممالک میں آمد پر ویزا کی اجازت ہے۔ 107 ممالک میں پیشگی ویزا درکار ہے۔دیگر علاقائی ممالک میں کویتی پاسپورٹ 50 ویں، بحرین 52 ویں، سعودی عرب 55 ویں اور عمان 56 ویں نمبر پر ہے۔عالمی سطح پر ، افغانستان کا پاسپورٹ سب سے کمزور ہے ، اس کے بعد عراق، شام، پاکستان، صومالیہ، یمن، میانمار، فلسطینی علاقے اور ایران ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں