ریاض(آئی این پی) سعودی عرب کی وزارت حج نے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد 60ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث اب کورونا وبا کے بعد گزشتہ روزپہلی بار خانہ کعبہ کے بیرونی صحن میں بھی نماز ادا کی گئی۔عرب میڈیا کے مطابق کورونا وبا کی صورت حال بہتر ہونے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعداد 1 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60ہزار
نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی جائے گی۔معتمرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے اعلان کے بعد مسجد حرام میں بیرونی صحن کو بھی نماز کی ادائیگی کے لیا تیار کیا گیا۔ کورونا کی وبا کے آغاز کے بعد بیرونی صحن میں نماز ادا کیے جانے کا یہ پہلا موقع تھا۔علاوہ ازیں ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے 70برس سے زائد عمر والوں کو بھی عمرے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح 17 اور 18 سالہ مقامی نوجوان بھی ویکسین لگوانے کے بعد عمرہ کرسکیں گے۔سعودی عرب کی وزارت حج نے مزید بتایا کہ حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔معتمرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مطاف کے
صحن میں 25 نئے ٹریک بنائے گئے ہیں جو عبادت گزاروں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔اس حوالے سے انجینئر معین قاروت کے مطابق سماجی فاصلے کے اسٹیکروں کی ترتیب مسجد حرام میں آنے والے افراد کی تعداد کی مناسبت سے رکھی گئی ہے۔سعودی وزارت حج نے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ عمرہ اور نماز کی اجازت کے لیے توکلنا ایپ سے وقت لے سکتے ہیں اور صرف اجازت نامے کے حامل افراد ہی خانہ کعبہ میں نماز ادا کرسکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں