سعودی حکومت نے پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)سعودی حکومت نے پاکستان طلباء کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ سعودی عرب میںتعینات پاکستان کے سفیر بلال اکبر کا کہنا ہے کہ اسکالر شپ 75 فیصد پاکستان اور 25 فیصد سعودی عرب میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ہے جس کے تحت سعودی عرب کی 25 جامعات میں پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کریں گے۔دوسری جانب ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ کے حکام نے کہا ہے کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ مملکت سعودی عرب نے پاکستانی طلبا کے لیے 600 مکمل طور پر فنڈڈ وظائف کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ مملکت میں ڈپلومہ ،

بیچلر ، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی سطح پر تعلیم حاصل کر سکیں۔ پاکستان میں مقیم طلبا اور سعودی عرب میں قانونی رہائشی طلبا ان وظائف کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے جاری تفصیلات میں اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کارسے بھی آگاہ کیا گیا ہے جس کے مطابق طلبا یونیورسٹی کی ویب سائٹ/ آن لائن پورٹل پر براہ راست درخواست دے سکتے ہیں۔ ہر یونیورسٹی کا اپنا اہلیتی معیار اور درخواست کا وقت مقرر ہے ، طلبا کو ہر اصول/کورس/یونیورسٹی کے اہلیت کے معیار کے لیے ویب سائٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔یہ وظائف تقریبا تمام شعبوں کے لیے اعلان کئے گئے ہیں جن میں سیاسیات ، قانون ، تعلیم ، انتظامیہ ، معاشیات ، انجینئرنگ ، کمپیوٹر سائنس ، زراعت ، عربی / اسلامک اسٹڈیز اور میڈیا علوم شامل ہیں۔وظائف میں ڈپلومہ کورسز، بیچلر ، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے پروگرام بھی شامل کئے گئے ہیں۔ یہ وظائف سعودی عرب کی 25 یونیورسٹیوں نے پیش کئے ہیں جن کی تفصیل ذیل میں درج ہے۔پرنس نورا بنت عبدالرحمن یونیورسٹی برائے گرلز ، ریاض اور جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہکے علاوہ ہر یونیورسٹی صرف 5 فیصد بین الاقوامی طلبا کو داخلہ دینے کی مجاز ہے ۔ پرنس نورا بنت عبدالرحمن یونیورسٹی برائے گرلز ، ریاض میں داخلے کی شرح 8 فیصد ہے ، جبکہ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ مجموعی نشستوں کا 85 فیصد اسکالرشپ پر داخلہ دیتی ہے۔یونیورسٹی درخواستیں سعودی وزارت تعلیم کو ارسال کرے گی جو اہل درخواست گزاروں کے حتمی ایوارڈ کا فیصلہ کرے گی۔ درخواست دہندگان کو جمع کرائی گئی درخواست کی نقل ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ کو آن لائن [email protected] کی آفیشل ای میل پر بھجوانی ہو گی۔ اس کے بعد سفارت خانہ سعودی وزارت تعلیم کے ساتھ اسکالرشپس کے لیے فالو اپ کرے گا۔ درخواست دہندہ پاکستانی یا آزاد جموں وکشمیر کا سکونتی ہونا چاہیے۔پاکستان سے 75 فیصد طلبا کو سکالر شپ دی جائیں گی، جبکہ 25 سکالرشپس سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبا کو دی جائیں گی۔ طلبہ و طالبات دونوں وظائف کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست گزار کی عمر 17 سال سے 25 سال یا بیچلر پروگرام ، ماسٹر پروگرام کے لیے 30 سال اور پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے 35 سال سے کم ہونی چاہیے۔منتخب درخواست گزار ہر سال ستمبر/اکتوبر میں سعودی عرب میں پروگرام شروع کریں گے۔ سعودی اسکالرشپ حاصل کرتے وقت درخواست گزار کے پا س کوئی دوسری اسکالرشپ نہیں ہونی چاہیے۔ درخواست گزار کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے اور درخواست دہندہ کو کسی بھی تعلیمی ادارے سے انضباطی یا کسی اور بنیاد پر معطل نہ کیا گیا ہو۔اسکالرشپ کے تحت طلبا کو مفت رہائش فراہم کی جائے گی۔ 03 ماہ کے شادی شدہ اسکالرز کے لیے سعودی عرب آمد پر فرنشننگ الائونس دیا جائے گا۔ جبکہ ریٹرن ایئر ٹکٹ دیا جائے گا ۔شادی شدہ طالب علم اور اس کی فیملی کے لیے مفت میڈیکل کی سہولت دی جائے گی۔ کتابوں کی ترسیل کے لیے 3 ماہ کا گریجویشن الائونس کیمپس میں رعایت کھانا، کیمپس میں کھیل اور تفریحی سرگرمیاں ، اہلخانہ کے لیے معاونت اور سفری اخراجات دیئے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close