جمعرات، جمعہ اور ہفتہ مسلسل تین چھٹیوں کا اعلان

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں قومی دن کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ، کارکنوں کو 3 دن کی چھٹیاں مل گئیں۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں جمعرات 23 ستمبر 2021 کو 91 واں یوم الوطنی یعنی قومی دن منایا جائے گا ، قومی دن کی مناسبت سے مملکت میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو عام تعطیل ہوگی تاکہ وہ یہ دن اپنے اہل و اعیال کے ساتھ منا سکیں۔

 

اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں رائج قوانین محنت کے تحت قومی دن کے موقع پر ایک دن کی چھٹی دی گئی ہے تاہم اس سال قومی دن 23 ستمبر یعنی جمعرات کے روز آرہا ہے جب کہ جمعہ اور ہفتے کو مملکت میں ویسے ہی چھٹی ہوتی ہے ، اس طرح اس بار ملازمین 3 چھٹیاں مناسکیں گے اور اتوار 26 ستمبر 2021 کو ڈیوٹی پر واپس آئیں گے۔قومی دن پر سعودی عرب میں ایئر شو کی تیاریوں کے سلسلے میں مملکت کی فضاء مختلف رنگوں سے سج گئی ، سعودی عرب کے 91 ویں یومِ وطنی پر مملکت کے بڑے شہروں میں ائیر شوز کا انعقاد کیا جائے گا ، اس سلسلے میں ساحلی شہر جدہ ، دارالحکومت ریاض ، خبر اور طائف سمیت مملکت کے دیگر بڑے شہروں میں ایئر شوز منعقد کیے جارہے ہیں ، جن میں سعودی رائل ایئرفورس، سعودی ہاکس اور السعودیہ بوئنگ طیارے شرکت کریں گے تاہم 23 ستمبر سے پہلے ہی سعودی عرب کی فضاء مختلف رنگوں سے سج چکی ہے کیوں کہ مملکت میں 20 ستمبر سے 25 ستمبر تک ائیر شوز منعقد کیے جارہے ہیں ، اس دوران طیاروں کے پائلٹوں نے اپنی مہارت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فضائی کرتب دکھائے ، ہیلی کاپٹر کے ذریعے طویل ترین سعودی پرچم فضا میں لہرایا گیا ، اس دوران سعودی ہوابازوں کے فن کے مظاہروں سے فضا مختلف رنگوں سے سج گئی۔ادھر سعودی عرب میں یوم وطنی کے موقع پر 70 لاکھ سے زائد اشیاء سستے داموں فروخت کرنے کا اعلان کردیا گیا ، سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ 70 لاکھ سے زیادہ اشیا سستے داموں فروخت ہوں گی ، کیوں کہ یوم وطنی کے موقع پر تجارتی اداروں میں صارفین کے لیے سستے داموں سامان فروخت کرنے کا رجحان بڑھ گیا ہے اور اب تک 2700 سے زیادہ تجارتی ادارے اور آن لائن کاروبار کرنے والے تجارتی مراکز یوم وطنی کی مناسبت سے رعایتی پیکیج پیش کرنے کے لیے اجازت نامے حاصل کرچکے ہیں ، سستے داموں فروخت ہونے والی اشیاء میں ملبوسات سرفہرست ہیں ، اس کے بعد فرنیچر دوسرے، خوشبوئیں اور گھڑیاں تیسرے ، سونے کے زیورات چوتھے جب کہ کھانے پینے کی مختلف اشیاء پانچویں نمبر پر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close