واشنگٹن (پی این آئی)امریکی انٹیلی جنس کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران اپنے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کی تیاری کر رہاہے ۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ایران کے ساتھ لبنانی حزب اللہ بھی امریکی سرزمین پر نظریں گاڑے ہوئے ہے۔
امریکا کے قومی انسداد دہشت گردی سنٹر کی ڈائریکٹر کرسٹین ابی زید نے سینیٹ کی ہوم لینڈ سکیورٹی کمیٹی کو کہا کہ خطرات کے مقابلے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔کرسٹین ابی زید کے مطابق ایران، اس کے ایجنٹ اور ایران نواز تنظیمیں جنوری 2020 میں امریکہ کی جانب سے قتل کئے جانے والے پاسداران انقلاب کے سربراہ قاسم سلیمانی کی موت کا بدلا لینے کے منصوبے تیار کر رہے ہیں، اندازے کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ لبنانی دہشت گرد تنظیم حزب اللہ امریکا کی سرزمین پر حملوں کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔کرسٹین ابی زید نے کہا کہ ایران کے مقاصد میں مشرق وسطیٰ میں طاقت کا حصول اور اپنے علاقائی حریفوں پر دھاک بٹھانا شامل ہیں۔واضح رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملہ عراقی دارالحکومت بغداد میں کیا گیا تھا جس میں عراق کی شیعہ ملیشیا الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المھندس بھی مارے گئے تھے۔ اس موقع پر امریکی تنظیم ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کریس رے نے بتایا کہ ایران اور اس کے عالمی ہرکارے امریکا اور اس کے مشرق وسطیٰ میں موجود اتحادیوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں