ریاض (پی این آئی ) سعودی عرب نے غیر ملکیوں کو ویزوں سے متعلق خوشخبری سنادی ، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر محکمہ پاسپورٹ نے بیرون مملکت موجود مقیم غیرملکیوں کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ ویزوں میں مزید 30 نومبر2021 تک توسیع شروع کردی۔
عرب میدیا کے مطابق وزیرخزانہ نے کورونا وبا سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی قومی پالیسی کے تحت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کے احکام جاری کیے ہیں جس کے بعد سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے اقاموں ، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ ویزوں میں مزید 30 نومبر2021 تک توسیع کا عمل شروع کردیا گیا ہے ، محکمہ پاسپورٹ 25 ربیع الثانی 1443 بمطابق 30 نومبر2021 ء تک ویزوں اور اقاموں میں توسیع کسی فیس یا مقابل مالی کے بغیر خود کار نظام کے تحت کررہا ہے ، یہ توسیع محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر سے رجوع کیے بغیر ہوگی خودکار نظام کے تحت کی جارہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کو وباء سے جنم لینے والے مالیاتی و اقتصادی مسائل سے ممکنہ حد تک بچانے کی پالیس کے تحت بیرون مملکت مقیم ان ملکوں کے شہریوں کے اقاموں اور خروج و عودہ ویزوں میں توسیع کی جارہی ہے جہاں سے وہ کورونا وبا کے باعث سعودی عرب واپس نہیں آسکتے جب کہ بیرون مملکت موجود ان وزیٹرز کے زیارۃ ویزوں میں توسیع 30 نومبر2021 تک کی جارہی ہے جہاں وہ کورونا وبا کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں اور وہاں سے انہیں مملکت آنے کی اجازت نہیں ہے ، سعودی محکمہ پاسپورٹ نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے قانونی طریقہ کار کے مطابق اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ ویزوں کی توسیع کی کارروائی کررہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں