روس نے افغانستان کی نئی حکومت کو پہلا بڑا جھٹکا دیدیا

کابل(پی این آئی )امریکہ پر 11ستمبر کے حملوں کی 20ویں برسی کے موقع پر طالبان نئی کابینہ کی تقریب حلف برداری کے انعقاد پر غور کررہے ہیں تاہم روس نے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا ہے ،واضح رہے کہ ابتدائی طور پر روس نے تقریب میں مشروط شرکت کا اعلان کیا تھا ۔تفصیل کے مطابق ہفتے کے روزامریکہ کی سرزمین پرالقاعدہ کے حملوں کی 20ویں برسی ہے۔

نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر اورواشنگٹن کے نواح میں ورجینیا میں پینٹاگان کی عمارت پر طیارہ حملوں میں قریباً تین ہزارافراد ہلاک ہوگئے تھے۔دہشت گردی کی اس کارروائی کے ردعمل میں امریکہ نے القاعدہ کی بیخ کنی کے نام پراکتوبر 2001میں افغانستان پرفوجی چڑھائی کردی تھی۔اب طالبان اسی روز اپنی حکومت کی شروعات چاہتے ہیں اور اسی روز امارت اسلامی کے وزراء اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے عبوری کابینہ کی افتتاحی تقریب میں قطر، ایران، ترکی، روس اور چین کو مدعو کیا ہوا ہے۔روسی صدارتی محل کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس افغانستان میں طالبان حکومت کی تقریب حلف برداری میں شامل نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ یہ صورتحال کیا رخ اختیار کرے گی۔ اسی لیے ہمارے خیال میں ہمارے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ افغانستان کی موجودہ قیادت کے اقدامات کیا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں