بیجنگ (پی این آئی) طالبان کی جانب سے افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد چین کا رد عمل بھی آگیا۔چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے چینی ٹی وی چینل سی جی ٹی این کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ افغانستان میں عبوری حکومت کا قیام اندرونی امن و امان اور جنگ کے بعد تعمیرِ نو کیلئے ایک ضروری قدم تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار عالمی قوت اور ہمسائے کے طور پر چین کا موقف افغانستان کے بارے میں واضح ہے۔ ہم افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ وانگ وین بن کا کہنا تھا کہ چین افغان عوام کے قومی ترقی کا راستہ اپنے ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے چننے کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ملک میں ایسا سیاسی نظام لایا جائے گا جس میں تمام فریقوں کی نمائندگی ہوگی۔ چین اس حوالے سے بھی پرامید ہے کہ افغانستان میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ داخلہ اور خارجہ پالیسی بنائی جائے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کے سربراہ ملا حسن اخوند ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں