متحدہ عرب امارات میں نوکری سے محروم ہونے والوں کو آخری مہلت دینے کا فیصلہ

ابو ظبی (پی این آئی ) متحدہ عرب امارات میں نوکری سے محروم ہونے والوں کو 180 دن کی مہلت دی جائے گی ، یہ فیصلہ یو اے ای کی جانب سے متعارف کرائی گئی ویزا اصلاحات کے تحت کیا گیا ، اس اقدام کا مقصد لیبر مارکیٹ کی مسابقت کو بڑھانا اور رہائشیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ استحکام پیدا کرنا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اپنی ملازمت سے محروم ہونے والے غیر ملکی جلد ہی ملک میں 6 ماہ تک قیام کرسکیں گے جو کہ یو اے ای قیادت کی اعلان کردہ نئی اصلاحات کا حصہ ہے ، اس حوالے سے یو اے ای کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا ہے کہ ہم اس مدت میں نرمی کر رہے ہیں جو کسی کو نوکری کھو دینے کے بعد ملک چھوڑنے کے لیے ملتی ہے ، گزشتہ 30 دنوں کے بجائے اب لوگوں کے پاس ملک چھوڑنے کے لیے 90 سے 180 دن ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ اب تک متحدہ عرب امارات کا قانون فی الحال ایسے ملازمین جن کی نوکری چلی گئی ہو انہیں 30 دن کے اندر ملک چھوڑنے کا پابند کرتا ہے تاہم اب حکام کی جانب سے رعایتی مدت میں نرمی کی گئی ہے جس کے تحت لوگوں کو نوکری سے محروم ہونے کے بعد 3 سے 6 ماہ تک مملکت میں رہنے کی اجازت ہوگی ، یہ اعلان ملازمین کے لیے ایک بڑی راحت کا باعث بنا ہے کیوں کہ اس سے انہیں دوسری نوکری کی تلاش کے لیے کافی وقت ملے گا جب کہ متحدہ عرب امارات کے لیے یہ ملک کے اندر ٹیلنٹ کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے ملک کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پرگرین ویزا کے عنوان سے ایک نئی ویزا اسکیم بھی متعارف کرا ئی ہے ، گرین ویزے کا حامل شخص خود مکتفی ہوگا اور اس کے ویزے کو کمپنیوں سے منسلک نہیں کیا جائے گا ، وہ اب 18 سال کی بجائے 25 سال تک والدین اور اپنے بچوں کی کفالت کر سکتا ہے ، فری لانسروں کو خصوصی ویزے جاری کیے جائیں گے جس کا مقصد تارک وطن ماہرین ، ریٹائرافراد اور مختلف شعبوں کے ماہرافراد کو یواے ای میں کام کے لیے راغب کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close