کابل ائیرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کا معاملہ، کس ملک سے ٹیم کابل پہنچ گئی، نئی حکومت آنے کے بعد پہلی پرواز کی کابل ائیرپورٹ پر لینڈنگ

کابل (پی این آئی )نئی حکومت کے کنٹرول کے بعد پہلی پرواز کابل ایئر پورٹ پر لینڈ کرگئی ، قطر کا طیارہ تکنیکی ٹیم کولے کر کابل پہنچ گیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی حکومت کی جانب سے کنٹرول سنبھالنے کے بعد تکنیکی ٹیم کابل ائیرپورٹ کے آپریشنز بحال کرنے کے سلسلے میں بات چیت کرنے آئی ہے ، اس ضمن میں فی الحال تکنیکی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا تاہم قطری ٹیم دیگر فریقین کی درخواست پر اس حوالے سے بات چیت کا عمل آگے بڑھا رہی ہے ، جس کا مقصد کابل ائیرپورٹ پر انسانی بنیادوں پر فضائی آپریشن کی بحالی ہے تاکہ انخلاء کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکے اور افغان شہریوں کو بیرون ملک جانے اور آنے کی سفری سہولیات میسر آسکیں۔خیال رہے کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد افغانستان کی فضائی حدود میں ایئرٹریفک کنٹرول اورایئرپورٹ سروسز دستیاب نہیں ہیں ، افغان حکام نے ایک نوٹم جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ کابل کی فضائی حدود بغیر ایئرٹریفک کنٹرول کے ہے ، اس لیے کابل آنے اور جانے والی پروازیں انتہائی احتیاطی اقدامات کریں کیوں کہ امریکی فوج نے کابل ائیرپورٹ پر ائیر ٹریفک کنٹرول پر خدمات فراہم کرنا بند کر دی ہیں جس کی وجہ سے افغانستان کی فضائی حدود میں ایئرٹریفک کنٹرول اورایئرپورٹ سروسز دستیاب نہیں ہیں ، اس لیے کابل آنے اور جانے والی پروازیں انتہائی احتیاطی اقدمات کریں۔اسی حوالے سے افغان طالبان نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے انخلا کی آخری پرواز کی روانگی کے بعد کابل ایئرپورٹ پر خصوصی فورسز تعینات کر دی ہیں ، کابل ایئرپورٹ سے کمرشل پروازیں جلد دوبارہ شروع کر دی جائیں گی ، جس کے لیے کوششیں جاری ہیں ، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل ایئرپورٹ پر صحافیوں کو بتایا کہ ایئرپورٹ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے وہاں طالبان کی بدری سپیشل فورسز تعینات کر دی گئی ہیں اور ہم ایئرپورٹ کی سکیورٹی کے لیے بالکل تیار ہیں ، ہر چیز جلد معمول پر واپس آجائے گی ، انخلا کے دوران امریکی فوج کے کنٹرول کے باعث کابل ایئرپورٹ پر مسائل کا سامنا ہے لیکن یہ ٹیکنیکل مسئلہ ہے اور اسے جلد حل کر لیا جائے گا اور کمرشل پروازیں جلداز جلد دوبارہ شروع کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ سے پروازیں دوبارہ شروع کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، ہمارا مقصد گھریلو اور بین الاقوامی پروازیں بحال کرنا ہے ، بین الصوبائی گھریلو پروازوں کو تجارتی نقطہ نظر سے دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے ، ہم ان پروازوں کو جلد از جلد شروع کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close