کابل(پی این آئی) امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے کابل میں داعش کے کار سوار خود کش بمبار پر ڈرون حملہ کیا ہے جو کہ کابل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے ترجمان بل اربن کے مطابق امریکی فوج نے کابل میں ایک گاڑی پر دفاعی ڈرون حملہ کیا جس میں داعش کی جانب سے درپیش خطرے کو ختم کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ نشانہ بننے کے بعد گاڑی میں ہونے والے دھماکوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس میں کافی مقدار میں بارودی مواد موجود تھا۔ان کے مطابق اس وقت اس حملے میں کسی سویلین کے نشانہ بننے کی کوئی خبر نہیں۔ تاہم افغان میڈیا کے مطابق حملے میں چھ افراد ہلاک جب کہ چار زخمی ہوئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں مین چار بچے بھی شامل ہیں۔قبل ازیں سابق افغان حکومت کے ایک سکیورٹی عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ راکٹ حملہ تھا اور ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کا نشانہ ایک مکان بنا ہے۔‘ اے پی نے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ نے فضائی حملے میں ایک خود کش بمبار کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور کابل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔خیال رہے امریکہ نے سنیچر کو کابل ایئرپورٹ کے قریب ایک ’مخصوص، یقینی خطرے‘ کے حوالے سے انتباہ کرتے ہوئے اپنے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ علاقہ چھوڑ دیں۔اے ایف پی کے مطابق فوری طور پر دہشت گردی کے انتباہ کے ایک سلسلے نے امریکی افواج کے زیر نگرانی انخلا کی کوششوں کو متاثر کیا اور انہیں طالبان کے ساتھ قریبی سکیورٹی تعاون پر مجبور کیا۔کابل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ہونے والے داعش کے خودکش حملے میں 150 سے زائد افغان شہری اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں