کابل ائیرپورٹ پر مزید حملوں کا خدشہ، ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا

کابل (پی این آئی) کابل ائیرپورٹ پر مزید حملوں کا خدشہ، الرٹ جاری، داعش کی جانب سے راکٹ حملوں اور کار بم دھماکوں کے ذریعے کابل میں تباہی مچانے کے خدشے کے پیش نظر امریکی فوج کو مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کے باہر ہوئے دھماکوں کے بعد کابل خاص کر ائیرپورٹ کے علاقے میں مزید دہشت گرد حملوں کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کابل ائیرپورٹ پر موجود امریکی فوجیوں کو مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ داعش کابل ائیرپورٹ پر یا تو راکٹ حملے کر سکتی ہے یا کار بم دھماکے بھی کیے جا سکتے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد حملوں کے خدشات کے حوالے سے امریکی فوج نے افغان طالبان کیساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔گزشتہ روز ہوئے حملوں کے حوالے سے امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ فرینک میک کینزی نے کہا ہے کہ داعش کے عناصر کے ایک گروپ نے کابل ایئرپورٹ پر حملہ کیا۔دھماکوں کے وقت فائرنگ اور مسلح تصادم کے واقعات بھی ہوئے۔ امریکی وزارت دفاع پینٹاگان کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ کے اطراف کی سیکیورٹی سخت کرنا ہوگی کیونکہ اس وقت ہزاروں افغان شہری افغانستان پر طابان کی آمد کے بعد ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکا نے طالبان کو ممکنہ حملوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کیا تھا۔جنرل میک کینزی نے مزید کہا کہ ہمارے پاس حملے کے متاثرین کی تعداد کے بارے میں درست اعداد و شمار نہیں ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کابل ہوائی اڈے پر حملے کا جواب دے گا۔ کابل کے ہوائی اڈے پر حملے کے مجرموں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم حملے میں ملوث افراد کو جواب دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر نے خدشہ ظاہر کیا کہ داعش افغانستان میں مزید حملے کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کابل میں اسی طرح کے حملے سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر توجہ دیں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ داعش افغانستان میں اپنے مشن سے امریکا کی حوصلہ شکنی نہیں کرسکتی۔ ہمارے پاس کابل ایئر پورٹ کی حفاظت کے لیے کافی فورس موجود ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close