ہم پاکستان کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں جبکہ امراللہ صالح نفرت کرتے ہیں، ہمارا مقصد ایک نہیں، احمد مسعود کا واضح موقف آگیا

کابل (پی این آئی) طالبان کے خلاف قائم ہونے والے قومی مزاحمتی محاذ نے واضح کیا ہے کہ سابق نائب صدر اور خود ساختہ نگران صدر امراللہ صالح نئی حکومت کے خلاف ان کی مزاحمت کا حصہ نہیں ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے احمد مسعود کی قیادت میں قائم ہونے والے قومی مزاحمتی محاذ (این آر ایف) کے ترجمان علی میثم نزاری نے کہا کہ پورے ملک سے لوگ پنجشیر کی وادی میں نئی حکومت کے خلاف لڑنے اور پناہ لینے کیلئے جمع ہو رہے ہیں۔ اس وقت سابق فوجیوں سمیت نو ہزار لوگ پنجشیر میں جمع ہیں جو طالبان کے ساتھ لڑنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا آپشن کھلا ہے، ہم ملک میں ایک ایسی جمہوری حکومت کا قیام چاہتے ہیں جس میں سب کی نمائندگی ہو، اگر ایسا نہ ہوا تو ہم لمبی لڑائی کی تیاری کر رہے ہیں۔این آر ایف ترجمان نے سابق نائب صدر اور خود ساختہ نگران صدر امراللہ صالح کے بارے میں کہا کہ وہ وادی پنجشیر میں موجود ہیں۔ وہ ہمیشہ سے ہی پاکستان کے مخالف رہے ہیں لیکن احمد مسعود اسلام آباد کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں اس لیے دونوں کے خیالات میں ہم آہنگی نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ امراللہ صالح نئی حکومت اور پاکستان کے خلاف ہیں لیکن اس کا یہ مقصد نہیں ہے کہ وہ قومی مزاحمتی محاذ کا بھی حصہ ہیں، وہ پنجشیر میں ہیں اور انہیں عزت کے ساتھ رکھا گیا ہے، ہمارا مقصد وادی پنجشیر کی حفاظت ہے، اگر ہم پر کوئی حملہ کرتا ہے تو ہم اپنا دفاع کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close