دنیا ہمیشہ مستحکم اور پرامن افغانستان کیلئے مدد کرے گی، نیٹو ممالک کا افغانستان میں مزید طیارے بھیجنے کا فیصلہ

کابل ( پی این آئی ) افغانستان سے انخلا کیلئے نیٹو ممالک کا مزید طیارے بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن ( نیٹو ) نے افغانستان سے انخلاء کیلئے مزید طیارے بھیجنے کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے نیٹو سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کو افغانستان سے نکالنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ، افغانستان میں پھنسے غیرملکیوں کی واپسی پہلی ترجیح ہے ،افغانستان کی موجودہ قیادت افغانستان چھوڑنے کے خواہشمند افراد کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہمیشہ رہنا کبھی منصوبے کا حصہ نہیں تھا لیکن افغانستان میں سیاسی اور فوجی ڈھانچہ جتنی تیزی سے ختم ہوا اس کی توقع نہیں تھی ، افغان قیادت کھڑی ہونے میں ناکام رہی لیکن اب نئی قیادت یقینی بنائے کہ افغانستان میں دہشت گرد دوبارہ اکٹھے نہ ہوں ،افغانستان کودہشت گردوں کا مرکز نہ بننے دیں۔دنیا ہمیشہ مستحکم اور پرامن افغانستان کیلئے مدد کرے گی۔ اسٹولٹن برگ نے کہا کہ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا خدشہ ہمیشہ سے تھا لیکن طالبان کا اتنی جلدی کابل پر قبضہ حیرت انگیز ہے ، اندازہ نہیں تھا طالبان اتنی جلدی قبضہ کرلیں گے ، جس کی وجہ یہ ہے کہ افغان فورسز اپنے ملک کا دفاع کرنے میں ناکام رہی ، دنیا پرامن افغانستان دیکھنا چاہتی ہے ، ہم افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔دوسری طرف افغانستان میں کابل ایئرپورٹ پر ایک بار پھر فائرنگ کے بعد فلائٹ اپریشن بند کردیا گیا ، افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک بار پھے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے مین بھگدڑ مچچ گئی اور اس دوران ایک خاتون زخمی ہوگئی جب کہ طالبان کابل ایئرپورٹ کے اطراف میں تعینات ہیں اور طالبان کی جانب سے کابل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ گذشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر افراتفری عروج پر تھی ، افغانستان چھوڑ کر باہر جانے کے لیے لوگوں میں شدید بے چینی پائی گئی ، کابل سے نکلنے کی کوشش میں 3 نوجوان موت کے منہ میں چلے گئے ، تین نوجوانوں نے جہاز کے ٹائروں میں چھپ کر کابل سے نکلنے کی کوشش کی ، اس دوران تینوں نوجوان جہاز سے گر گئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔سوشل میڈیا پر اور بھی کئی ایسی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں کابل میں موجود لوگوں کو جہاز کے پیچھے بھی بھاگتا دیکھا گیا ، لوگوں کو رن وے پر جہاز کے ساتھ ساتھ دوڑتے دیکھا جا سکتا تھا ، شہری کسی بھی طریقے سے جہاز میں سوار ہونے کی کوشش کرتے رہے ، کچھ نوجوانوں کی جانب سے جہاز کے ٹائر کے ساتھ لٹک کر بھی باہر جانے کی کوشش کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close