طالبان، پاکستان اور چین مل کر ہندوستان پر حملہ کرسکتے ہیں، بی جے پی پر خوف طاری

اتر پردیش(آئی این پی)بھارتی حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے راجیہ سبھا کے رکن سبرامنیئن سوامی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین طالبان کے ساتھ مل کر ایک سال کے اندر بھارت پر حملہ کرسکتے ہیں۔افغانستان میں طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد 20 سالہ جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں جلد ہی نئی اسلامی عبوری حکومت قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے جس پر بھارت میں حکمراں جماعت گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور سابق وفاقی وزیر سبرامنیئن سوامی نے اپنی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ طالبان کی مدد سے پاکستان اور چین بھارت پر حملہ کرسکتے ہیں۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں سبرامنیئن سوامی نے لکھا کہ طالبان پہلے سال معتدل مزاج افغان حکومت کے طور پر سامنے آئیں گے البتہ اسی دوران طالبان کے صوبائی کمانڈرز شدت پسندی جاری رکھیں گے اور اس دوہری پالیسی سے ایک سال میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے بعد طالبان، پاکستان اور چین کے ساتھ مل کر بھارت پر حملہ کردیں گے۔یہ پہلی مرتبہ نہیں جب سبرامنیئن سوامی نے اپنے خوف کا اظہار کیا ہو۔ ایک ہفتہ قبل بھی رکن پارلیمنٹ نے اپنی ہی مودی سرکار سے کابل میں 20 ہزار بھارتی فوج بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا اور طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالتے ہی سبرامنیئن نے وزیر اعظم مودی سے جنگ حکمت عملی طے کرنی اپیل بھی کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں