افغان صدر اپنے ہمراہ رقم سے بھری 4کاریں اور ہیلی کاپٹر لے گئے

کابل(آئی این پی) روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اشرف غنی افغانستان سے نکلتے نکلتے اپنی ہمراہ نقد رقم سے بھرا ہیلی کاپٹر اور 4کاریں بھی نامعلوم مقام پر لے گئے۔روسی میڈیا نے کابل میں روسی سفارت خانے کے ترجمان کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اشرف غنی افغانستان سے روانہ ہوتے ہوئے اپنے ساتھ بھاری مقدار میں کرنسی لے گئے جس کے لیے انھوں نے چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اشرف غنی کے پاس اتنی رقم تھی کہ چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر میں بھرنے کے بعد بھی کچھ رقم باقی رہ گئی جسے انھوں نے بادل نخواستہ چھوڑا۔روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بات انھیں ایک عینی شاہد نے بتائی جس نے اشرف غنی کے ملازمین کو ہیلی کاپٹر اور کاروں میں رقم سے بھرے بریف کیس رکھتے ہوئے دیکھا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں