ملا عبدالغنی برادر نے اقوام عالم کے نام غیر متوقع پیغام دے دیا

دوحہ(آئی این پی ) طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے کہا ہے کہ افغان عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے،افغانستان میں جس طرح کامیابی حاصل کی ہے اس طرح توقع بھی نہیں تھی،پہلے سے زیادہ ذمہ داری آگئی ہے، اب ہماری امتحان اور آزمائش کا وقت آگیا ہے۔ اپنے وڈیو پیغام میں ملا عبدالغنی برادر نے کہا کہ مجاہدین کو ہمارا یہ پیغام ہے کہ ہم نے افغانستان میں جس طرح کامیابی حاصل کی ہے یہ سوچا بھی نہیں تھا اور اس طرح توقع بھی نہیں تھی۔ لیکن یہ اللہ تعالی کی مدد اور نصرت تھی کہ اللہ نے ایسی کامیابیاں ہماری نصیب میں کردی ہیں۔ اس لیے ہم سب کو اللہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے اور ایسا نہ ہوں کہ ہم سے کوئی تکبر اور غرور سرزد ہوجائے۔ ملا برادر نے طالبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر پہلے سے زیادہ ذمہ داری آگئی ہے۔ کیونکہ اب ہماری امتحان اور آزمائش کا وقت آگیا ہے۔ ہمیں اس بارے میں کام کرنا ہے کہ ہم کس طرح اپنے عوام کے جان و مال، ملک کے امن و امان، اور عوام کے سکون کو یقینی بنا سکیں۔ ہم عوام کو بھی یہ یقین دلاتے ہیں کہ جس طرح اللہ نے ہمیں اتنی عظیم فتوحات سے نوازا ہے اسی طرح ہم آپ کی جان و مال کے تحفظ کے لیے حتی الوسع کوشش کریں گے اور اس کو یقینی بنائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں