افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال، وزیراعظم عمران خان کا ہنگامی فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی ) افغانستان کی بدلتی سورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعطم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا ، افغانستان کی صورت حال پر قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل ہونے کا امکان ہے۔دوسری طرف پی آئی اے کا طیارہ کابل سے اسلام آباد پہنچ گیا ہے ، جس میں افغانستان کی سیاسی قیادت کا ایک وفد بھی پاکستان آیا ہے ، وفدمیں افغان قومی جرگہ کےاسپیکر رحمان رحمانی بھی شامل ہے ، صلاح الدین ربانی ،کریم خلیلی ، یونس قانونی ، احمدولی مسعود بھی وفد کا حصہ ہیں ، اس کے علاوہ عبداللطیف پیدرام اور خالد نور بھی وفد میں شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ افغان سیاسی رہنما افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد کی صورتحال پر ملاقاتیں کریں گے۔قبل ازیں افغانستان کی بدلتی صورتحال پر پاکستان نے اہم بیان جاری کیا ، افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان طالبان کے داخلے کی اطلاعات کے بعد ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، افغانستان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں ، کابل میں پاکستان کا سفارتخانہ فعال ہے ۔اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ کابل میں سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کیے ہیں، ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتخانہ بند نہ کرے ، افغانستان میں تمام پاکستانیوں کو ممکنہ مدد فراہم کی جارہی ہے، افغانستان میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے ، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، پاکستان ہمیشہ سے چاہتا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال خراب نہ ہو۔علاوہ ازیں افغانستان کی صورتحال سے متعلق افغان صدارتی محل میں ہوئے مذاکرات میں معاہدہ طے پا گیا ، افغان میڈیا کے مطابق افغان صدارتی محل میں طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جہاں کابل پر حملہ نہ کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت طالبان عبوری حکومت کو اقتدار کی پرامن منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، علی احمد جلالی نئی حکومت کے سرا راہ مقرر کئے جائیں گے جب کہ اس سارے معاملے میں عبداللہ عبداللہ ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں ، افغانستان کے قائم مقام وزیرداخلہ عبدالستار مرزا کوال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل پر حملہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت کی منتقلی پرامن طریقے سے ہوگی ، کابل کے شہری یقین رکھیں کہ سکیورٹی فورسز شہر کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close