اسلام آباد(آئی این پی ) افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخلے کے بعد، امریکا کے 4 سی ون تھرٹی طیاروں کی لینڈنگ کے لیے کابل ایئرپورٹ بند کردیا گیا جس کے بعد وہاں موجود پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)کے 2 طیارے محصور ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 2 طیارے محصور ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق امریکا کے 4 سی ون تھرٹی طیاروں کی لینڈنگ کے لیے کابل ایئرپورٹ کو اچانک بند کردیا گیا۔ اس موقع پر 2 امریکی ہیلی کاپٹرز نے کابل ایئرپورٹ کا محاصرہ کیا ہوا تھا۔ ایئرپورٹ بند ہونے کے بعد پی آئی اے کے دونوں طیاروں ایئر بس 320 اور 777 کو اڑان کی اجازت نہیں دی گئی۔ 320 طیارے میں 170 اور 777 میں 329 مسافر موجود ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کچھ پاکستانی کابل ایئرپورٹ پہنچے اور انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان جانا ہے، ان کے پاس ٹکٹس موجود نہیں تھے، 8 مسافروں کو ایڈجسٹ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کابل ایئرپورٹ کھلتے ہی دونوں پروازیں اسلام آباد روانہ ہوں گی، پاکستان آنے والے تمام مسافر پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں