لندن(پی این آئی )برطانیہ نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کو غلطی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طالبان کے دوبارہ سر اٹھانے سے ملک شدت پسندوں کی افزائش گاہ بن جائے گا جس سے دنیا کو خطرات لاحق ہوں گے۔برطانوی سیکریٹری دفاع بین والیس نے اعلان کیا کہ طالبان کی جانب سے مزید علاقوں پر قبضہ کیے جانے کے پیش نظر تقریباً 600 فوجی برطانوی شہریوں کی افغانستان سے انخلا میں مدد کریں گے۔سکائی نیوز ٹیلی ویڑن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی افواج کے انخلا کے فیصلے سے زمین پر بہت بڑا مسئلہ ادھورا رہ گیا ہے اور طالبان کو تحریک دے رہا ہے۔انہوں نے پیش گوئی کی کہ اس انخلا سے القاعدہ کو فائدہ پہنچے گا جنہوں نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں سے قبل شدت پسندوں کو پناہ فراہم کی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں بہت پریشان ہوں کیونکہ ناکام ریاستیں اس قسم کے لوگوں کے لیے افزائش گاہ ہیں اور یقیناً القاعدہ واپس آجائے گی۔بین والیس نے امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے دوحہ معاہدے کے بارے میں کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ امریکہ کا اس طرح سے انخلا کرنا غلطی ہے جس کے نتائج ہم سب بھگتیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں