عالمی برادری کیساتھ مل کر دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں: منیر اکرم

نیویارک ( آن لائن ) اقوام متحدہ میں پاکستان نے دہشت گردی کے عالمی خطرے سے نمٹنے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پندرہ رکنی سلامتی کونسل کے ایک غیر رسمی اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری بیان میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے دیرینہ حل طلب تنازعات، بیرونی قبضے اور خود ارادیت کے حق سے انکار جیسے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حملہ آوروں، غاصبوں اور قابضین کی جانب سے حق خود ارادیت اور آزادی کی قانونی جدوجہد کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کی مسلسل کوششوں کی مذمت کی۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلق قراردادیں واضح کرتی ہیں کہ لوگوں کو غیر ملکی قرار دینا، ان پر تسلط قائم کرنا اور ان کا استحصال کرنا بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں