طالبان کی ہیٹ ٹرک، ایک ہی دن میں تیسرا صوبہ فتح کر لیا

کابل (پی این آئی) طالبان نے ایک ہی دن میں افغانستان کا تیسرا صوبہ بھی فتح کرلیا۔خبر ایجنسی اے ایف پی کو حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ طالبان کی جانب سے صوبہ ہرات کے دارالحکومت ہرات کو فتح کرلیا گیا ہے۔ یہ افغانستان کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ اس کے علاوہ آج کے دن فتح ہونے والا یہ تیسرا صوبہ ہے۔ اس سے قبل طالبان نے غزنی اور قندھار بھی آج ہی فتح کیے ہیں۔ طالبان جمعہ سے جمعرات کے درمیان مجموعی طور پر افغانستان کے 12 صوبے فتح کر چکے ہیں۔ہرات میں طالبان نے پہلے پولیس ہیڈ کوارٹرز کو فتح کیا جس کے بعد گورنر آفس پر اپنا پرچم لہرایا، اس کے بعد جیل کو فتح کرکے قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔ یہ شہر اس لیے بھی اہم تھا کیونکہ یہاں جماعت اسلامی کے اسماعیل خان کی ملیشیا طالبان کا کئی روز تک مقابلہ کرتی رہی ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے بھی ہرات کی فتح کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے مغربی حصے میں اہم سٹریٹجک شہر ہرات کو بھی فتح کرلیا گیا ہے۔ شہر میں صوبائی عمارت، پولیس ہیڈ کوارٹرز سمیت دیگر اہم عمارتوں پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔ افغان فوجیوں نے ہتھیار ڈال کر طالبان کے ساتھ شمولیت کا اعلان کردیا۔

close