واشنگٹن(پی این آئی )امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان کا دفاع کرنا افغان افواج کی ہی ذمہ داری ہے، امریکہ کا فوجی مشن31 اگست کوختم ہوجائے گا۔بائیڈن نے کہا کہ افغانستان کے عوام کو اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔ میں امریکیوں کی ایک اور نسل کو 20 سالہ جنگ میں دھکیلنا نہیں چاہتا۔پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری صورتحال سے امریکہ کو بہت تشویش لاحق ہے، افغان فوج کے پاس طالبان سے جنگ کرنے کی پوری صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی اپنی فوج اور لوگ ہیں جن کا دفاع کرنا ہے اور یہ سب ان کی قیادت پر آ جاتا ہے کہ وہ اس موقع پر کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔خیال رہے کہ امریکہ نے افغانستان سے اپنی فوجوں کا انخلا تقریباً مکمل کر لیا ہے تاہم وہ اب بھی طالبان پر فضائی حملے کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں