سعودیہ کا چینی ویکسین لگوانے والوں کو ملک میں داخل ہونے کی مشروط اجازت

ریاض(آئی این پی) سعودی عرب نے سائنو فارم اور سائنو ویک ویکسین لگوانے والے مسافروں کے ملک میں داخل ہونے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم انھیں امریکی یا برطانوی ویکسین کی ایک ڈوز لگوانا ضروری ہوگا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے کورونا ایس او پیز میں نرمی کرتے ہوئے چین کی تیار کردہ کووڈ-19 ویکسینز سائنوفارم یا سائنو ویک لگوانے والے مسافروں کو بھی ملک میں داخل ہونے کی اجازت دیدی تاہم یہ اجازت مشروط ہوگی۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے مسافروں کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ سائنو فارم یا سائنو ویک ویکسین کے دونوں ٹیکے لگوانے کے باوجود سعودیہ آنے سے قبل فائزر، ایسٹرا زینیکا، میڈورنا یا جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کا بوسٹر ڈوز لگوائیں۔سعودی عرب کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے اب تک صرف فائزر، ایسٹرا زینیکا، میڈورنا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کی منظوری دی ہے اور تاحال چین کی تیار کردہ ویکسین میں سے کسی بھی ایک کو منظور نہیں کیا گیا ہے اس لیے چینی ویکسین لگوانے والوں کے ملک میں داخلے پر پابندی تھی۔سعودی عرب نے بوسٹر ڈوز کے ساتھ ملک میں داخل ہونے کی اجازت اس وقت دی ہے جب ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ طبی تحقیق سے بھی ثابت ہوا ہے کہ چین کی ویکسین لگوانے کے بعد اگر فائزر، میڈورنا یا ایسٹرا زینیکا کا ایک ٹیکہ اضافی بھی لگوالیا جائے تو اس سے جسم میں کورونا کے خلاف مدافعت میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اس کے کوئی مضر اثرات بھی نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں