متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کا انتظار مزید بڑھ گیا، سفری پابندی میں مزید توسیع

ابو ظبی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا پر عائد سفری پابندیوں میں 7 اگست تک توسیع کردی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں ایک بار پھر توسیع کردی جو 7 اگست تک نافذالعمل رہے گی۔ سفری پابندی میں توسیع کورونا کی بھارتی قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث کی گئی۔ان ممالک سے آنے والی پروازوں کے علاوہ ایسے مسافروں کے بھی متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جنہوں نے پاکستان، بھارت، بنگلادیش یا سری لنکا کا 14 دن کے اندر دورہ کیا ہو اور اب ان ممالک کے علاوہ کسی اور ملک سے امارات آنا چاہتے ہیں تاہم اماراتی شہریوں، اماراتی گولڈن ویزہ رکھنے والے غیرملکی اور سفارتی مشن کے افراد کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ جن لوگوں کی پروازیں معطل ہوئی ہیں ان کے ٹکٹس پرواز کی بحالی تک قابل استعمال رہیں گے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بھارت سے پروازوں پر پابندی 24 اپریل جب کہ دیگر ایشیائی ممالک کی پروازوں پر پابندی 13 مئی کو عائد کی تھی جن میں مسلسل توسیع کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں