واشنگٹن (شِنہوا)امریکی صدر جو بائیڈن نے افغان صدر محمد اشرف غنی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے، ایسے وقت میں جب امریکی فوجی انخلا کے بعد ملک میں لڑائی میں اضافہ ہوا ہے، امریکی صدر نے افغانستان کے لئے اپنی حمایت کا عزم ظاہر کیا۔اس رابطے کے حوالے سے وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن نے افغان صدر کو بتایا کہ امریکہ افغان عوام اور اس کی فوج کے لئے امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں صدور نے اس بات پر اتفاق کیا کہ طالبان کی موجودہ کارروائی تنازعہ کو مذاکرات سے حل کرنے کے ان کے دعووں کے بالکل برعکس ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2022 میں افغانستان کے لئے طے شدہ 3ارب30کروڑ امریکی ڈالر کی سکیورٹی امداد میں افغان فضائیہ کی صلاحیتوں، اہم سازو سامان کی فراہمی اور افغان فوجیوں کی تنخواہوں کو فوقیت دی جائے گی۔دونوں صدور کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب یکم مئی کو امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد سے طالبان عسکریت پسند سرکاری فوج کے خلاف شدید لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں انہیں کامیابیاں ملی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں