سری نگر (آئی این پی) مقبوضہ کشمیر کے 33 سالہ رہائشی مدثر صدیقی نے انکشاف کیاہے کہ انہوں نے کو وِن نامی حکومتی ویکسینیشن پلیٹ فارم پر اپنے 60 برس قبل انتقال کر جانے والے دادا کی پروفائل دریافت کی ہے جس کے مطابق ان کے دادا نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں۔رپورٹ کے مطابق دثر صدیقی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل کورونا سے متاثر ہونے بعد انہوں نے خود کو رجسٹرڈ کروانے کے ساتھ اپنے اہل خانہ کو بھی ویکسین لگوانے پر قائل کیا اور گھر کے تمام افراد ان کے رابطے نمبر کے ذریعے رجسٹر ہوگئے تھے تاہم ویکسین کے لیے رجسٹر کرنے کے حکومتی پلیٹ فارم کو ون نے ان کے اہل خانہ کے تمام ارکان کے نام کی فہرست ظاہر کی جس میں مدثر کے مرحوم دادا بھی شامل تھے جن کے انتقال کو 60 برس گزر چکے ہیں۔مدثر نے حیرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ ویب سائٹ کی تکنیتی غلطی ہے، اس نے تو خود اپنے دادا کو کبھی نہیں دیکھا اور والد صاحب کو بھی ٹھیک سے یاد نہیں کہ کیسے اور کب دادا کا انتقال ہوا پھر دادا کا نام فہرست میں کیسے ظاہر ہوا؟۔مدثر نے بتایا کہ ان کے دادا کی کورونا ویکسینیشن کے لیے فراہم کردہ کوڈ یونیک تھا تاہم تاریخ پیدائش اور دیگر تفصیلات اس کے والد سے ملتی جلتی تھیں۔مدثر کہتے ہیں کہ اگر یہ تکنیکی غلطی ہے تو بھی ویب سائٹ کو ان کے دادا کا نام کیسے معلوم ہوا کیوں کہ انہوں نے تو کبھی انہیں رجسٹر نہیں کروایا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے 3 لاکھ 18 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ اور 4 ہزار 350 اموات ہوچکی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں اب تک 50 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جن میں 43 لاکھ افراد کو صرف پہلی خوراک ہی لگائی جاسکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں