ریاض (پی این آئی) سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کی کوششیں جاری، عرب یونین اسپیس سائنسس کے مطابق آج کسی بھی خلیجی ملک میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد میں اب چند ہی دن باقی بچے ہیں۔ عید الاضحی مسلمانوں کا بڑا اور خوشیوں سے بھرپور تہوار ہے۔یہ تہوار حضرت ابراہیم کی قربانی کی یاد میں رب کی خوشنودی کے حصول کی خاطر منایا جاتا ہے۔ بڑی عید کے موقع پرقربانی کے گوشت سے پرلطف پکوان تیار کیے جاتے ہیں، دوست احباب اور رشتہ دار لوگ اس موقع پر دعوتوں میں خوب مزے مزے لے کر کھاتے ہیں۔ اور اس خوشی کے موقع پر یادگار بناتے ہیں۔سعودی عرب میں بھی یہ تہوار بہت مذہبی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔مملکت میں عید الاضحیٰ کی آمد میں کم دن باقی رہ گئے، اسی لیے سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے 2 روز قبل اہم اعلان کیا گیا تھا۔ سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں مقیم تمام شہریوں سے جمعہ 9 جولائی کو ذی الحج کا چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ چاند نظر آنے کی صورت میں اپنی شہادت متعلقہ حکام کے پاس ریکارڈ کروائیں۔ دوسری جانب عرب ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی۔ماہر فلکیات کے مطابق رواں سال ذیقعدہ کا مہینہ 30 ایام کا ہوگا، یوں یکم ذی الحج اتوار 11 جولائی، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات پیر 19 جولائی اور عید الاضحیٰ 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی۔ تاہم عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان سعودی عرب کی اعلیٰ عدالتی کونسل کی کمیٹی کرے گی۔ پاکستان میں بھی ماہرین فلکیات کے مطابق قوی امکان ہے کہ عید الفطر کی طرح پاکستان میں عید الاضحیٰ بھی خلیجی ممالک کے ساتھ ہی منائی جائے گی۔پاکستان میں یکم ذی الحج 11 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 20 جولائی کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ خلیجی ممالک میں بھی اسی تاریخ کو عید قربان کی آمد کی پیشن گوئی کی جا چکی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کے 30 ایام کے بعد ذی قعدہ کے مہینے کا آغاز ہوا، عمومی طور پر یکے بعد دیگرے 2 اسلامی ماہ 30 ایام کے نہیں ہوتے، اس لیے قوی امکان ہے کہ ذی قعدہ کا مہینہ 29 ایام پر مشتمل ہو گا، اور یوں ذی الحج کے مبارک ماہ کا آغاز 11 جولائی سے ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں