تہران(پی این آئی)افغانستان کی حکومت اور طالبان میں مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد دونوں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے۔مذاکرات کے دوران ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف بھی موجود تھے۔ مذاکرات میں افغان حکومت کے وفد اور طالبان کے وفد نے شرکت کی۔ دونوں فریقین نے افغانستان کے مسائل سے متعلق کھل کر بات کی جب کہ مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا۔ مشترکہ بیان میں کہا کہ تہران کی جانب سے مذاکرات کا انعقاد افغانستان میں سیاسی حل کو مستحکم کرنے کا بہترین موقع ہے۔ مذاکرات میں اس بات پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی جنگ افغانستان کے مسائل کا حل نہیں لہذا تمام تر کوششیں ایک پر امن سیاسی حل کے لیے کی جانی چاہیے۔افغان حکومت اور طالبان نے پرامن سیاسی حل اور اسلامی ریاست کے قیام کے لیے مذاکرات کے اس سلسلے کو جاری رکھنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تاہم مذاکرات کے لیے اگلی تاریخ اور مقام کا تعین نہیں ہوسکا۔ دونوں جانب سے افغانستان کے عوام کی املاک، مساجد اور ہسپتالوں سمیت تمام عوامی اداروں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ان حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سزا پر بھی اتفاق کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں