عید کے موقع پر مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا

مسقط(پی این آئی) عمان میں عید کے موقع پر مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک سلطنت عمان کی حکومت نے عید الاضحیٰ کی آمد پر کورونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمانی حکام کے مطابق سلطنت میں 16 جولائی سے 31 جولائی تک جزوی کرفیو نافذ کیا جائے گا، جبکہ عید الاضحیٰ کی 3 تعطیلات کے دوران ملک بھر میں مکمل کرفیو نافذ ہو گا۔عید کی تعطیلات کے دوران آزادانہ نقل و حرکت اور کمرشل سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ عمانی حکومت نے سفری پابندیوں کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ مصر کے علاوہ وہ تمام ممالک جہاں سے مسافروں کی سلطنت براہ راست آمد پر پابندی ہے، ان ممالک پر عائد سفری پابندیاں اب بھی برقرار رہیں گی۔عمان کی حکومت نے کئی ممالک کے مسافروں کے لیے فضائی سفر پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔یہ فضائی پابندی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث عائد کی گئی تھی۔ عمان کی انسداد کورونا سے متعلق سپریم کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ جن ممالک پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں، ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مُدت کے لیے توسیع کی گئی ہے۔ عمانی حکومت کے مطابق ان ممالک سے آنے والے غیر ملکی مسافروں کو 14 روز کسی اور ملک میں گزارنے کے بعد بھی عمان آنے کی اجازت نہیں ہو گی، پہلے یہ اجازت تھی جو ختم کر دی گئی ہے۔البتہ اس سفری پابندی کا اطلاق ان ممالک میں موجود عمانی شہریوں، سفارتی عملے، ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل و عیال پر نہیں ہو گا۔ یہ افراد جب چاہیں واپس آسکتے ہیں۔تاہم خشکی کے راستے سلطنت عمان آنے والے جی سی سی ممالک (سعودیہ، امارات، بحرین، یمن، قطر)کے شہریوں کے سفر پر پابندیاں ختم کی جا چکی ہیں۔

close