مکہ اور مدینہ میں ریکارڈ گرمی درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

اسلام آباد(پی این آئی )سعودی عرب میں بے انتہا گرمی پڑنا شروع ہو گئی، عرب میڈیا کے مطابق کل جمعہ کے روز بھی سعودیہ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نئی انتہا کو پہنچ گیا تھا۔ کل النعیریہ کے علاقے میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت نوٹ کیا گیا ، اس کے علاوہ بھی مشرقی ریجن کے متعدد شہروں میں کل تین بجے درجہ حرارت 50 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مدینہ، مکہ، ریاض، قصیم ، ینبع اور حدود شمالی میں بھی بیشتر مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری کے لگ بھگ پہنچ گیا ہے۔آج بھی مشرقی ریجن میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے مطابق مدینہ اور ریاض ریجنز میں بے حد گرمی پڑے گی۔جبکہ مکہ مکرمہ، عسیر، جازان اور باحہ میں گرد و غبار کا طوفان اٹھے گا جس سے ڈرائیورز کو شدید پریشانی سامنا کرنا پڑے گا اور حدِ نگاہ محدود ہو جانے کی وجہ سے انہیں محتاط ڈرائیونگ کرنا ہوگی۔جازان اور عسیر میں کچھ مقامات پر بادل چھائے رہیں گے جو دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش برسانے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان علاقوں میں سارا دن تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔ آج سب سے زیادہ گرمی حفر الباطن میں پڑے گی جبکہ سب سے کم درجہ حرارت السود میں ہوگا۔ شدید گرم موسم کے پیش نظر سعودیہ کے مشہور ماہر موسمیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے دو ماہ کے دوران مقامی اور تارکین افراد دوپہر کے وقت لمبے سفر سے گریز کریں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگلے 60 روز کے دوران صحرائی علاقوں میں ناقابل برداشت گرمی ہو گی، جس سے انسانی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ان دو ماہ کے دوران صحرائی علاقوں اور ان سے گزرنے والی شاہراہوں پر گرد و غبار کے جھکڑ بھی چلیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close