بھارتی حکومت اور ٹوئٹر کے مابین تنازع مزید شدت اختیار کرگیا

واشنگٹن ( آ ئی این پی ) بھارتی حکومت اور ٹوئٹر کے مابین تنازع مزید شدت اختیار کرگیا، ایک ماہ کے دوران ٹوئٹر پر دوسرا مقدمہ درج کرلیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق بھارت کے نقشے میں کشمیر اور لداخ کو شامل نہ کرنے پر ٹوئٹر انڈیا کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔بھارت میں ٹوئٹر کے سربراہ منیش مہیشوری کے خلاف ریاست اترپردیش میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ چند روز قبل بھی ایک مبینہ جھوٹی خبر کے حوالے سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ٹوئٹر سربراہ کیخلاف تازہ مقدمہ شدت پسند ہندو تنظیم بجرنگ دل سے وابستہ ایک سرکردہ کارکن پروین بھاٹی نے درج کروایا۔ جس میں غداری کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ کی ایف آئی آر میں ٹوئٹر کی نیوز پارٹنرشپ ہیڈ امریتا ترپاٹھی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر نے کیریئر سے متعلق اپنے صفحے پر دنیا کا جو نقشہ شائع کررکھا تھا اس میں لداخ سمیت جموں و کشمیر کے پورے متنازعہ علاقے کو بھارت سے الگ ایک علیحدہ آزاد ریاست کے طور پر دکھایا گیا تھا،بھارتی حکومت نے تمام سوشل میڈیا کمپنیوں کو نئے آئی ٹی ضابطوں پر عمل کرنے اور اس کے بارے میں متعلقہ عہدیداروں کو آگاہ کرنے کے لیے چھ ماہ کا وقت دیا تھا۔ ٹوئٹر نے آخری تاریخ 25مئی تک حکومت کو کوئی جواب جمع نہیں کرایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں