شارجہ(پی این آئی) شارجہ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اب ایک مخصوص ٹریفک خلاف ورزی کرنے والوں کی فوری طور پر نشاندہی ہو سکے گی۔ شارجہ پولیس کی جانب سے حالیہ دنوں سڑکوں پر نصب کیے جانے والے ‘Rasid’ سپیڈ ریڈارزکو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے ، جس کے باعث اب یہ ریڈارز اچانک لین بدلنے یا موڑ کاٹنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کر سکیں گے۔شارجہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل محمد علی النقبی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امارات میں ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ اچانک گاڑی کی سمت تبدیل کرنا ہے۔ کچھ ڈرائیورز خصوصاً ہائی ویز پر ایک دم سے لین تبدیل کر لیتے ہیں جس سے پیچھے آنے والے ڈرائیورز اچانک بوکھلا جاتے ہیں، اور ایسی صورت میں ٹریفک حادثات کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکثر ڈرائیورز اچانک لین تبدیل کرتے وقت انڈیکیٹر کا استعمال بھی نہیں کرتے ، جو ایک اور سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ رویئے کی ایک بڑی وجہ ڈرائیورز کی لاپرواہی اور ڈرائیونگ پر دھیان نہ ہونا ہے۔ ڈرائیورز کو لین تبدیل کرتے وقت پچھلی جانب سے آنے والی ٹریفک کو دھیان میں رکھنا چاہیے۔ اور انڈیکیٹرز کااستعمال لازمی کرنا چاہیے۔اس ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ آئندہ سے اچانک لین تبدیل کرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز پر 1 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ عائد ہو گا اس کے علاوہ ان کے ڈرائیونگ لائسنس پر 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔ کرنل النقبی نے بتایا کہ اس خلاف ورزی میں کمی لانے کے لیے پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پرمختلف زبانوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے جس میں لفظوں اور ویڈیوز کے ذریعے انہیں اس ٹریفک جُرم کے خطرناک نتائج اور جرمانوں سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ڈرائیورز کو اس معاملے پر آگاہ اور اس خلاف ورزی سے روکنا بہت ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں