اسرائیل کے نئے وزیراعظم بھی فلسطینیوں کو دھمکانے لگے

تل ابیب( آن لائن) اسرائیل کے نومنتخب وزیر اعظم نفتالی بینیٹ بھی اپنے پیشرو نیتن یاہو کی طرح فلسطینیوں کو دھمکی دینے پر اتر آئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا اب غزہ سے مزید راکٹ فائر کرنے کو برداشت نہیں کریں گے۔وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے مزید کہا کہ غزہ میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے اور کسی دبا ئو میں نہیں ائیں گے تاہم غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کے ساتھ کسی قسم کا تنازع نہیں چاہتے۔ جو ہم پر حملہ نہیں کرتے انہیں نقصان نہیں پہنچائیں گے۔پہلے سیکیورٹی اجلاس کے بعد ایک بیان میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کے ساتھ کسی تنازع میں ملوث نہیں ہونا چاہتے۔ جوہم پر حملہ نہیں کرتے ہم ان کا کوئی نقصان نہیں کریں گے۔وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اسرائیلی کے دو لاپتہ فوجیوں کی بازیابی اور یہودیوں کی ا?باد کاری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی اسرائیلی شہری پر حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سخت جواب دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں