متحدہ عرب امارات جانے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی، اماراتی حکام نے تین ممالک پر سفری پابندیاں ختم کر دیں

دبئی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے فضائی سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے تین ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئے ضوابط جاری کردیے۔ دبئی کی وبا اور بحران سے نمٹنے والی کمیٹی نے ہفتے کے روز فضائی سفری پابندی میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تین ممالک پر عائد پابندی بدھ 23 جون سے ختم ہوجائے گی۔رپورٹ کے مطابق بدھ سے جنوبی افریقا، بھارت اور نائیجیریا سے مسافروں کو دبئی آنے کی مشروط اجازت ہوگی۔جنوبی افریقہ کے مسافروں کو جنہوں نے امارات کی منظورشدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں گی انہیں دبئی آنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کےلیے سفر سے 48 گھنٹے قبل کیے جانے والے پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہو گی۔امارات کے شہریوں کو کرونا ٹیسٹ سے مستشنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ دیگر مسافروں کو دبئی آمد کے بعد کرونا ٹیسٹ کرانا بھی لازم ہوگا۔اسی طرح نائیجیریا سے آنے والے غیر اماراتیوں کو 48 گھنٹے قبل کی پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی، نائجیرین حکومت کی منظور و تصدیق شدہ لیبارٹری سے جاری کردہ کیوآر کوڈ والی رپورٹ قابل قبول ہوگی، دبئی پہنچنے کے بعد مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔بھارت سے دبئی آنے والے مسافروں کو امارات کی منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا اور 48 گھنٹے قبل کیے گئے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا لازمی ہوگی۔علاوہ ازیں امارات آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ پرہی فاسٹ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور 24 گھنٹےقرنطینہ میں گزارنا ہوں گے جس کے بعد رپورٹ آنے پر مزید فیصلہ کیا جائے گا۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان پابندیوں سے اماراتی شہری اور سفارت کار اور سفارتی عملہ مستثنی ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں