پیرس(پی این آئی)فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو تھپڑ مارنے والے شخص کی شناخت ہوگئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون وبا کے بعد سماجی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ لینے ریسٹورینٹس کے مالکان اور طلبا سے ملاقات کے لیے شہر ڈروم پہنچے تھے جہاں ایک نوجوان نے سب کے سامنے صدر کے منہ پر تھپڑ جڑ دیا تھا۔پولیس نے موقع سے دو افراد کو حراست میں لے لیا تھا تاہم تفتیشی ذرائع نے آج گرفتار نوجوان سے متعلق معلومات دی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے نے تفتیشی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تھپڑ مارنے والا شخص 28 سالہ ڈامین تاریل ہے جو تلوار بازی کا مداح ہے اور اس حوالے سے ایک کلب بھی چلاتا ہے۔تھپڑ مارنے والا نوجوان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ ڈامین نے تھپڑ رسید کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی تھی۔ڈامین فرانس کے شہر سینٹ ولائر کا رہائشی ہے۔ فرانس میں کسی سرکاری عہدیدار سے مار پیٹ پر تین سال قید اور 45 ہزار یورو کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں