ریاض (پی این آئی) سعودی عرب نے11 ممالک کو کل سے سفری اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ان 11 ممالک میں پاکستان شامل نہیں ہے، متحدہ عرب امارات، امریکا، فرانس، پرتگال اور دیگر ممالک شامل ہیں، سعودی عرب آنے والے افراد کیلئے قرنطینہ اور ماسک لازمی قراردیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے سعودی عرب نے11 ممالک کیلئے کل 30 مئی اتوار سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جس کے تحت جن ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں اٹھائی گئی ہیں ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، پرتگال، آئرلینڈ، جرمنی، اٹلی، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، جاپان اور فرانس کے شہریوں کو کل سے سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے عالمی ادارہ صحت کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کچھ ممالک کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ ہے کہ یہ ممالک کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر مئوثر طریقے سے قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں۔ سعودی عرب آنے والے تمام افراد کو ایس او پیز کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ جبکہ سعودی عرب آنے والے افراد کے لیے قرنطینہ اور ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔یاد رہے سعودی حکومت نے رواں سال فروری میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف ممالک کے شہریوں، سفارتکاروں اور دیگر افراد کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں