برطانیہ نے بیرون ملک مقیم برطانوی شہریوں کیلئے ”تاحیات ووٹ” کی پالیسی کا اعلان کر دیا

لندن (آئی این پی)بیرون ملک منتقل ہونے والے برطانوی شہریوں کو تاحیات ووٹ کا حق دیا جائے گا جبکہ برطانوی حکومت ووٹنگ کے حق کے حوالے سے 15سالہ مدت کی حد ختم کر دے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کو نئے اعلان کردہ اقدامات کے تحت سمندر پار برطانوی ووٹر کو آسانی ہو گی اور وہ تاحیات رجسٹرڈ ووٹر برقرار رہیں گے۔ ان تبدیلیوں سے تارکین وطن برطانوی شہری زیادہ بااختیار ہوں گے اور جمہوری عمل میں حصہ لیں سکیں گے۔ ملکہ برطانیہ کی طرف سے نئے اعلان کردہ اقدامات سے بیرون ملک مقیم برطانوی شہریوں کو جمہوری عمل میں حصہ لینے کی سہولت ہوگی۔ سمندر پار مقیم برطانوی شہریوں کو برطانوی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی’ دفاع’ امیگریشن’ پنشن اور تجارتی معاہدوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں شمولیت کا موقع ملے گا اورانہیں برطانوی پارلیمنٹ کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا حق ہو گا۔ برطانوی حکومت نے اپنے نئے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا ہے جس کے ذریعے 15 سال سے زائد بیرون ملک رہنے والوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے قانون کا خاتمہ ہو جائے گا۔ یہ تبدیلیاں انتخابی قانون کا حصہ ہوں گی جس میں سمندر پار ووٹروں کو اپنا ووٹ طویل عرصے تک رجسٹرڈ رکھنے کا حق ہو گا۔ وزیر مملکت برائے کابینہ آفس لارڈ ٹریو نے کہا کہ ایک تیزی سے عالمی اور منسلک دنیا میں بیرون ملک مقیم بیشتر برطانوی شہری برطانیہ سے گہری وابستگی رکھتے ہیں اور بیشتر لوگوں کے اہلخانہ یہاں مقیم ہیں، ان کیبرطانیہ میں سخت محنت کی تاریخ ہے اور بعض ہمارے ملک کے لئے لڑائیاں بھی لڑی ہیں۔ یہ اقدامات برطانوی شہریوں کے لئے ہمارے ایک حقیقی عالمگیر وڑن کا عکاس ہے اور بیرون ملک مقیم برطانوی شہریوں کے لئے جمہوری عمل میں شمولیت کا آغاز ہیں تاکہ وہ جہاں بھی مقیم ہوں ہماری پارلیمنٹ میں اپنی آواز اٹھا سکیں۔ ہماری تجاویز پر عملدرآمد سے ”تاحیات ووٹ” دینے کے حق کی فراہمی کے ہمارے عزم اورمنشور کی تکمیل ہوئی ہے اور برطانیہ کے پارلیمانی عام انتخابات کے لئے بیرون ملک مقیم تمام برطانوی شہریوں کو ووٹ ڈالنے کے حق میں توسیع کی جارہی ہے جو پہلے برطانیہ میں رجسٹرڈ یا مقیم رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ نئے قواعد کا مطلب یہ ہوگا کہ بیرون ملک مقیم ووٹرز کو غیر حاضر ووٹوں کی غیر موجودگی کے ساتھ زیادہ عرصہ رجسٹرڈ رہ سکیں گے ، جس کے نتیجہ میں انہیں ہر سال کے بجائے ہر تین سال میں ایک بار اپنی رجسٹریشن کی تفصیلات کی تجدید کرانا پڑے گی۔انتخابی قانون ووٹر کو انتخابات سے قبل رائے دہی کے اندراج کی تجدید، اس عمل کو آسان بنانے اور یہ یقینی بنانے میں مدد کرے گا تاکہ مختار ووٹ کے حق کے لئے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے یا پوسٹل بیلٹ کے لئے دوبارہ درخواست دینے کی درخواست کر سکے۔ جو لوگ حق رائے دہی کے حقدار ہیں وہ ہمیشہ آزادانہ ، محفوظ اور شفاف طریقے سے اس حق کا استعمال کرسکیں گے۔ حکومت کا وسیع تر انتخابی بل معذور افراد کے لئے ووٹوں تک رسائی کو بہتر بنانے، مخالف عناصر کے ذریعہ غیر ملکی مداخلت کو روکنے، ڈاک کے ذریعے انتخابی دھوکہ دہی، پراکسی، پولنگ سٹیشنوں یا دھمکیوں اور ناجائز اثر و رسوخ کے ذریعہ اثر اندازی کو روکنے کے اقدامات بھی شامل ہیں تاکہ ہمارے انتخابات میں شفافیت اور احتسابی عمل میں اضافہ ہو، ہم بل متعارف کرانے سے قبلاس کے اقدامات کے بارے میں مزید اعلانات کریں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس وقت سمندر پار رائے دہندگان کا اندراج کرانے کیلئے برطانوی شہری ہونا ضروری ہے اور ان کا گذشتہ 15 سال سے برطانیہ میں برطانوی پارلیمانی انتخابات میں ووٹ کا اندراج ہو چکا ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close