سمندری طوفان’’یاس‘‘ نے تباہی مچادی، مٹی کے بنے ہزاروں گھر تباہ، ایئرپورٹ بند کردیاگیا

نئی دہلی( آن لائن )مشرقی بھارت میں طاقتور سمندری طوفان ‘یاس’ نے مٹی کے بنے ہزاروں گھر تباہ کر دیے اور کولکتہ کا مصروف ترین ایئرپورٹ بند کرنے پر مجبور کردیا۔ سمندری طوفان سے ساحلی علاقوں میں شدید نقصان پہنچا اور یہ ایک ہفتے میں آنے والا دوسرا سمندری طوفان ہے۔حکام نے کہا کہ طوفان ‘یاس’ کے باعث 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلیں جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو مجبوراً نقل مکانی کرنا پڑی۔گزشتہ ہفتے طوفان ‘تاؤتے’ بھارت کے مغربی ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں لوگ ہلاک اور ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔حکام نے کہا کہ طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے 10 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر گئے جبکہ ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والی تصاویر میں ریاست اڑیسہ میں بپھرتے سمندر، تیز ہواؤں اور بارشیں ہوتی دکھائی گئیں اور دکانیں اور گھر تباہ حال نظر آئے۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ اڑیسہ اور پڑوسی ریاست مغربی بنگال سے ‘بہت شدید طوفان’ کے ٹکرانے کا امکان ہے جس کے کچھ اثرات بنگلہ دیش تک میں دکھائی دیں گے حالانکہ اسے طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں