دبئی کے ولی عہد کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

دبئی ،نیو یارک(پی این آئی) دبئی کے ولی عہد شہزادہ اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شیخ حمدان کی اہلیہ شیخا بنتِ سعید الثانی المکتوم کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، انہوں نے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو جنم دیا ہے۔شیخ حمدان نے پہلے اپنے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ننھے مہمانوں کی آمد کی خبر نیلے اور گلابی پیروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دی۔بعد ازاں شیخ حمدان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نومولود کو ہاتھوں میں اٹھائےایک دلکش تصویر بھی جاری کی۔بچوں کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ‘سب تعریفیں اللہ ہی کیلئے ہیں’۔شیخ حمدان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر سب سے پہلے ان کی بہنوں شیخہ لطیفہ اور شیخہ مریم نے انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے دی۔دوسری جانب ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی پوتی شہزادی بیٹریس کے ہاں ننھے مہمان کی آمد جلد متوقع ہے۔شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادی بیٹریس اور بزنس ٹائیکون ماپیلی موزی کے ہاں رواں برس موسم خزاں میں نئے مہمان کا اضافہ متوقع ہے۔ واضح رہے کہ 32سالہ شہزادی بیٹریس ملکہ برطانیہ کے چھوٹے بیٹے اینڈریو اور ان کی سابق اہلیہ سارہ فرگوسن کی بڑی بیٹی ہیں، شہزادی بیٹریس تخت کے وارثوں کی فہرست میں 9ویں نمبر پر ہیں۔گزشتہ برس جولائی میں شہزادی بیٹریس پراپرٹی ٹائیکون ایڈوارڈو ماپیلی موزی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں