اسلام آباد (پی این آئی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پچاس کروڑ ڈالر مزید دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ملتان کے لیے تیس ارب سے زائد شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بہت بڑا اقدام ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موٹروے سے فاصلے سمٹ کر رہ گئے ہیں جبکہ موٹروے کی وجہ سے رحیم یار خان کا سفر بھی کم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے عدالت کو گارنٹی دی تھی کہ نواز شریف علاج کے بعد واپس آیںگے، اللہ تعالی ان کو صحت دے دی ہے اور وہ پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کا ٹھیکہ صرف عمران خان نے لیا ہے باقی اداروں کی بھی کچھ ذمہ داری ہے۔شہباز شریف چلتے پھرتے ہیں اور ٹھیک ٹھاک نظر آرہے ہیں اب اگر شہباز شریف چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی دعوت پر ہم نے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کیا اور پاک سعودی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کے عزائم خاک میں مل گئے۔سعودی پاکستان اسٹریٹجک سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس کونسل کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔محمد بن سلمان اور وزیر اعظم کے مابین ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جب کہ دورے پر سعودی عرب میں اہم امور پر بات چیت ہوئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ محمد بن سلمان سمیت دیگر حکام سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی۔سعودی عرب سے بات چیت کے تین دور ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد دوبارہ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے جبکہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے تحت نوکریوں میں پاکستانیوں کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے گا جس سے پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔سعودی عرب کے ساتھ پانچ معاہدے ہوئے ہیں،سعودی عرب نے 500ملین ڈالر مزید دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں