’’11 مئی کو شوال کا چاند کہیں نظر آنے کا امکان نہیں‘‘ سعودی عرب میں عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) سعودی عرب میں عیدالفطر کی تاریخ اور رمضان المبارک سے متعلق ماہر فلکیات نے اہم بیان جاری کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ عید الفطر13 مئی بروز جمعرات کو ہو سکتی ہے۔ سعودی عرب میں جدہ فلکیاتی انجمن نے کہا ہے کہ اس مرتبہ رمضان کے 30 روزے ہوں گےاور عید کا چاند بارہ مئی بدھ کو نظر آئے گا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منگل گیارہ مئی 29 رمضان کو کہیں بھی چاند نظر نہیں آئے گا۔ عید الفطر جمعرات تیرہ مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاھرۃ نے بیان میں کہا کہ منگل گیارہ مئی 29 رمضان کو مکہ مکرمہ کے آسمان سے چاند سورج غروب ہونے سے قبل ہی چھپ جائے گا۔مکہ مکرمہ میں منگل گیارہ مئی کو چاند6 بج کر39 منٹ پر ڈوب جائے گا۔ اس کے بارہ منٹ بعد 6 بج کر 51 منٹ پر سورج غروب ہوگا لہٰذا منگل کی شام کو عید کی چاند کی رویت ناممکن ہوگی۔ابوزاھرۃ نے کہا کہ بدھ بارہ مئی30 رمضان کی شام کو سورج مکہ کے مطلع پر 6 بج کر 52 منٹ پر غروب ہوگا اور اس وقت چاند 7 ڈگری کی بلندی پر نمودار ہوگا۔چاند7 بج کر 30 منٹ پر غروب ہوگا جسے سورج چھپنے کے 38 منٹ تک دیکھا جاسکے گا، یہ اس صورت میں ممکن ہوگا جب موسمی حالات ٹھیک ہوں گے۔جدہ کی فلکیاتی انجمن کے سربراہ نے اپنا بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب میں عید الفطر کا سرکاری فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close