عید الفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین کیلئے 12چھٹیوں کی خوشخبری سنا دی گئی

ریاض(پی این آئی) سعودی حکومت نے عید الفطر کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے سرکاری ، نجی اور غیر منافع بخش سیکٹر کے لیے عید کی تعطیلات سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کو اس بار عید کی 12 تعطیلات دی جا رہی ہیں۔ سرکاری اداروں کے ملازمین کی عید تعطیلات کا آغاز جمعرات 6 مئی سے ہو گا جو کہ سوموار 17 مئی تک جاری رہیں گی۔18مئی بروز منگل سے تمام سرکاری دفاتر کھول دیئے جائیں گے۔ جبکہ پرائیویٹ اور نان پرافٹ سیکٹرز کے ملازمین کو اس بار عید الفطر پر 4 چھُٹیاں دی جا رہی ہیں۔ ان شعبوں کے ملازمین کی چھُٹیاں 12 مئی سے 15 مئی تک ہوں گی۔ 16مئی کو انہیں اپنے کاموں پر لوٹنا ہوگا۔ان ملازمین کو11مئی کی ڈیوٹی مکمل کرنا ہو گی۔ آجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانون محنت کی شق 24 کی پابندی کرتے ہوئے ان چار روز کے دوران ملازمین سے ڈیوٹی نہیں کروائیں گے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھی گزشتہ روز عیدالفطر کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے ۔ جس کے مطابق اس بار چاند کی رویت کے حساب سے چار یا پانچ تعطیلات ہوں گی۔ فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومین ریسورسز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو 29 رمضان المبارک سے لے کر 3 شوال المکرم تک عید کی تعطیلات ہوں گی۔ اگر رمضان المبارک اس بار 29 روزوں کا ہوا تو ایسی صورت میں 11مئی (منگل) سے لے کر 14 مئی (جمعة المبارک) تک چار دن کی تعطیلات ہوں گی۔البتہ اگر رمضان کے پورے 30 روزے ہوئے تو ایسی صورت میں سرکاری ملازمین کو 11مئی سے 15 مئی (ہفتہ) تک پانچ روز کی تعطیلات ہوں گی۔اس حوالے سے سرکاری ملازمین کو چاند کی رویت کا انتظار کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ اماراتی حکام کے مطابق اس بار رمضان المبارک کے روزے پورے 30 ہونے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں