اسلام آباد(آئی این پی)وزرات قومی صحت نے چین سے آئی کورونا ویکسین سائینو ویک کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔پاکستان نے گزشتہ روز سائنو ویک ویکسین حکومتی سطح پر چین سے درآمد کی ہے۔سائنو ویک کی پانچ لاکھ ڈوز درآمد کی گئی ہے۔اب وزارت قومی صحت کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایک فرد کو سائنو ویک ویکسین کی دو خوراکیں لگائیں جائیں، پہلی خوراک کے بعد ویکسین کی دوسری خوراک 28دن بعد لگائی جائے ، ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے ، بچوں کو ویکسین نہ لگائی جائے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بخار ہونے کی صورت میں ویکیسن لگانے سے اجتناب کیا جائے، ایسے افراد جن کو کورونا ویکسین یا کسی بھی قسم کی ویکیسن سے الرجی ہو ،نہ لگائیں، شدید دائمی امراض کے شکار افراد کو ویکسین نہ لگائی جائے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ حاملہ خواتین کو ویکسین لگانے میں احتیاط کی جائے، اس پر کم تجربات کیے گئے ہیں، نکسیر مسائل کا شکار افراد کو ویکسین لگنے سے خون نکل سکتا ہے، شوگر کنٹرول نہ ہونے، مرگی کے مریضوں میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے۔ہدایت نامے کے مطابق ویکسین کی شیلف لائف 12 ماہ ہے ، ویکسین کو 2 سے 8 سینٹی گریڈ تک اسٹور کیا جائے ، ویکیسن کو فریز نہ کیا جائے ، روشنی سے بچایا جائے ، ویکسین کے لیے روم ٹمپریچر 25 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہ ہو۔ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سائنو ویک ویکسین بازوں کے بالائی حصے میں پٹھوں پر لگائی جائے ، ویکسین کو شریانوں میں کسی صورت نہ لگایا جائے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں